علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی  میں بیک وقت 14لاکھ طالب علم مختلف پروگراموں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں؛وائس چانسلر  ڈاکٹر ضیاء القیوم

148

سیالکوٹ،26جنوری(اے پی پی):  وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایشیاء کی دوسری بڑی یونیورسٹی ہے جس میں بیک وقت 14لاکھ طالب علم میٹرک سے پی ایچ ڈی تک  کے پروگرام میں تعلیم حاصل کررہے ہیں،یونیورسٹی اب تک 36لاکھ طالب علموں کو ڈگریاں جاری کرچکی ہے جو ناصرف ملک بلکہ بیرون ملک میں اپنے ذمہ داریاں مختلف شعبہ زندگی میں انجام دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سیالکوٹ کے ریجنل کیمپس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اکیڈیمک سسٹم کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس ) پر منتقل کیا جارہا ہے اور ملک کے ایسے علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ یا کمپیوٹر کی سہولت میسر نہیں ان علاقوں میں کمپیوٹر سنٹر قائم کریں گے، نئے نظام کے ساتھ پرانے نظام کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے، ٹیکنالوجی کو نظام میں شامل کئے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تمام انتظامی، ورکشاپ اور دیگر امور کو آئندہ 6ماہ میں  ڈیجیٹیل کردیا جائے گا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مزیدکہا کہ ملک کے طول عرض میں 54ریجنل کمیپسز میں سے 80فیصد کی بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہیں اور بطور وائس چانسلر ہر کیمپس میں جاکر  مسائل کا جائزہ لے رہاہوں اور ماہرین تعلیم اور مقامی سٹاف کی مشاورت سے ان مسائل کوحل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2021ء تک 1لاکھ 76ہزار ٹیوٹرز سسٹم میں آن لائن ہوجائیں گے، طلباء کو بھی کمیپوٹررائزڈ آٹو میٹک نظام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ کوئی بھی طالب علم پیسے کی کمی کی وجہ سے تعلیم کے حق سے محروم نہیں رہے گا، تمام مستحق بچے اپنے داخلہ بھجوائیں اسٹوڈننس سپورٹ فنڈ سے ادارہ مستحق طلباء کی فیس ادا کرے گا،  کسی بھی مستحق طالب علم  کی درخواست مسترد نہیں کی جائے گی۔