ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نےشجاع آبادمیں چار  جدید آر او واٹر فلٹریشن  پلانٹس کا افتتاح کر دیا

98

شجاع آباد، 26 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے منگل کو یہاں چار  جدید آر او واٹر فلٹریشن  پلانٹس کا افتتاح کر دیا، واٹر فلٹریشن پلانٹس الفاروقیہ ٹرسٹ کی طرف سے عطیہ کئے گئے ہیں۔

الفاروقیہ ٹرسٹ کی طرف سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے لئے مختلف طبی آلات کا بھی عطیہ کیا گیا ہے، عطیہ میں ای سی جی مشینیں،ویل چئیرز، اسٹریچرز،کارڈیک میٹر بھی شامل ہیں جبکہ  آرتھو ڈرل مشین، آکسیمیٹرز،آکسیجن سلنڈرز، کنسلٹیٹر بھی عطیہ کئے گئے سامان میں  بھی شامل ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الفارویہ ٹرسٹ کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،الفاروقیہ ٹرسٹ کے چئیرمین مولانا زبیر صدیقی کی کورونا وائرس کی پہلی لہر میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہیں بھلا سکتا۔

ڈی سی نے کہا  کہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے، اہل ثروت اور مخیرحضرات آگے بڑھ کر سماجی خدمت میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے کہا کوئی بھی حکومت تنہا عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔

عامر خٹک نے کہا شجاع آباد اور جلالپور پیر والا میں فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے۔مختار اے شیخ ٹرسٹ ہسپتال کے تعاون سے میڈیکل کیمپس کا شیڈول تیار کرلیا گیا ہے۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،شجاع آباد میں تمام  خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیجائے گا۔

اس موقع پر  چئرمین الفاروقیہ ٹرسٹ مولانا محمد زبیر صدیقی نے کہا کہ اہل ثروت افراد کو سماجی خدمت میں آگے آنا چاہیے،شہر میں چار آر او واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے گئے ہیں جبکہ ٹرسٹ نے7 ڈائلیسسز مشینوں پر مشتمل سنٹرقائم کیا ہے ۔

چئیرمین الفاروقیہ ٹرسٹ مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہا کہ سردیوں میں6سو مستحقین کو گرم لباس اور 2 سو رضائیاں فرہم کی گئیں شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے20 بڑے پمپ لگائے گئے ہیں۔

الفاروقیہ ٹرسٹ کے چئیرمین مولانا زبیر احمد صدیقی سمیت مفتی طیب معاویہ ، مولانا عمیر صدیقی، اے سی شجاع آباد محمدزبیر،اعجاز نون ، صنعت کار محمداکرم اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔