کوہاٹ؛ جنگل خیل اور افغان مہاجر کیمپوں  میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، 30مشتبہ افراد گرفتار، اسلحه برآمد

105

کوہاٹ، 26 جنوری(اے پی پی): ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کوہاٹ اعجاز خان آبازئی نے کہا ہے کہ کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل اور افغان مہاجر کیمپوں کی آبادی میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 30مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے،ٹارگٹڈ مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے نتیجے میں زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ہیں۔

ہیڈ کوارٹر کوہاٹ میں میڈیا کے سامنے گرفتار شدہ افراد اور اسلحہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ منگل کو علی الصبح سے پانچ گھنٹے مسلسل جاری تلاشی آپریشن میں پولیس و ایلیٹ فورس کی بھاری نفری،کھوجی کتوں،خواتین پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے حصہ لیا۔سرچ آپریشن کی کارروائی میں زیر حراست تمام افراد کو چھان بین کیلئے تھانہ جنگل خیل منتقل کردیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی  کی کارروائی میں پولیس کو زیر حراست افراد سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی ملے ہیں جن میں 2کلاشنکوف،2رائفل،3پستول، 10چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور 5750گرام چرس شامل ہیں۔انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی اس کارروائی میں زیر حراست تمام افراد کو چھان بین کیلئے تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کے خلاف اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کارروائی کا انعقاد جنگل خیل اور اطراف میں واقع گھمکول کے تینوں افغان پناہ گزین کیمپوں میں کیا گیا جو سخت سیکیورٹی میں پانچ گھنٹے مسلسل جاری رہا اور اس دوران علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا اور پولیس کی آپریشنل ٹیموں کو بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل رہی۔