ایبٹ آباد، 30 جنوری (اے پی پی ):سپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہےکہ موجودہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کردی ہے، اس کا سارا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے ،اپوزیشن ان کو سلیکٹڈ کہتی ہے یورپی یونین نے بھی الیکشن کو شفاف قرار دیا ہے،پی ڈی ایم کی تحریک کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے وہ بند گلی میں جاچکے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد پریس کلب کی ایک کروڑ 20لاکھ لاگت سے تزئین وآرائش توسیع کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہااپوزیشن کا مقصد عوام کی خدمت نہیں ہے، یہ سیاسی بے روزگار ہیں جو عوام میں ذندہ رہنے کے لئے جلسے کر رہے ہیں، عدم اعتماد کا شوق رکھنے والے بھی اپنے آپ کو آزمائیں ،عوام تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کرتی ہے۔
سپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا کہ خیبر پختون خوا کی تاریخ میں دوبارہ اقتدار اس کا عملی ثبوت ہے، عدم اعتماد کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے جو ووٹ کی پرچی سے حکومتیں منتخب کرتی ہیں، ترقیاتی سکیموں میں ناقص کاموں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا ،کام نہ کرنے والے افسران کی اداروں میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کے لئے میڈیا کالونی کی گرانٹ آئندہ سال کی ترقیاتی سکیموں میں شامل کریں گے اوروزیر اعلی کی جانب سے اعلان کردہ ایبٹ آباد پریس کی گرانٹ کو جلدریلیز کروائیں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون، جنرل سیکرٹری راجہ محمد ہارون نے بھی خطاب کیا۔