انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی  کا  تھانہ شرقی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پشاور کا دورہ

90

پشاور، 22جنوری(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے تھانہ شرقی اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کو تھانے میں نصب نئے سی سی ٹی وی  سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 آئی جی پی کو بتایا گیا کہ تھانے کے اندر حوالات، محرر اور ایس ایچ او کے دفاتر میں کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ جن کو مرکزی کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کرکے تھانوں کی موثر نگرانی کی جارہی ہے۔

 آئی جی پی کو بتایا گیا کہ ان کیمروں کی براہ راست نگرانی کے ساتھ ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ آئی جی پی کو بتایاگیا کہ ان کیمروں کے ذریعے پولیس اسٹیشن، محرر دفتر اور لاک آپ کی نگرانی براہ راست کی جارہی ہے۔ جن سے تھانے کی سطح پر پولیس کے خلاف عوامی شکایات اور لاک آپ میں مبینہ پولیس تشدد کا خاتمہ 100 فیصد یقینی بنادیا گیا ہے۔

 آئی جی پی کو مزید بتایا گیا کہ پشاور کے تمام 33 تھانے نگرانی کے اس نظام کے ساتھ منسلک کردیئے گئے ہیں۔ اس موقع پر آئی جی پی نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔

بعد ازاں آئی جی پی نے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ان کو قائم نگرانی، مواصلات اور مانیٹرنگ کے لیے قائم شعبوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ آئی جی پی نے کنٹرول روم کے عملے سے ان کے مانیٹرنگ کے نظام اور کسی بھی وقوعہ کی صورت میں ان کے ریسپانس کے بارے میں دریافت کیا۔

قبل ازیں آئی جی پی کو سنٹرل پولیس آفس میں پشاور کے تمام تھانوں میں نصب کیمروں کے ذریعے مختلف تھانوں کے حوالات، محرر اور ایس ایچ او دفاتر کی براہ راست نگرانی کا عملی مظاہرہ کرایا گیا اور سی پی او کنٹرول روم سے ان کو مختلف تھانوں کے حوالات اور دفاتر کی براہ راست ویڈیوز دکھائی گئیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے آئی جی پی نے پشاور پولیس کے اس جدید نظام کو سراہا اور کہاکہ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ تمام دنیا کیمرے کی آنکھ میں رہ کرآگے بڑھ رہی ہے۔ حالات کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ پولیس بھی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آھنگ ہو کر آگے بڑھ سکے۔ آئی جی پی نے کہا کہ اب پولیس عوام سے ایک کلک کی دوری پر رہ کر فرائض سرانجام دے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب پولیس کی سوچ، رویئے اور ترجیحات کی تبدیلی کا اصل نام ہے۔ اور ان اقدامات کا مقصد عام آدمی کی عزت نفس بحال کرنا اور انہیں تھانوں میں بہترماحول فراہم کرنا ہے۔ اور کہا کہ صوبے میں عوام کی طمانیت ان کے لیے سب سے اہم ہے اور عوام نے پولیس سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ پولیس کو ہر قیمت پر ان پر پورا اترنا ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی جی پی کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر کے تمام اہم تنصیبات میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اور بہت جل پولیس کے تمام عمارات میں کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ جن سے پولیس بر چیک اینڈ بیلنس قائم ہو کر انقلابی تبدیلیاں رونما ہونگی۔