پشین، 18 جنوری ( اےپی پی): بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری پرہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے آمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی، حلقے سے چھ سیاسی جماعتوں سمیت ڈیڑھ درجن سے زائد آزاد امیدواروں نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں اس نشست پر جمیعت علماء اسلام کے سید فضل آغا منتخب ہوئے تھے، جبکہ پشتونخوا میپ کے سید لیاقت آغا دوسرے نمبر پر رہے، سید فضل آغا کے انتقال کے باعث الیکشن کمیشن نے 15 فروری کو اس نشست پر نئے انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد چھ سیاسی جماعتوں سمیت 27 امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے جمیعت علماء اسلام کی جانب سے سید عزیزاللہ آغا کو بطور امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پشتونخوا میپ نے جمیعت علماء اسلام کی حمایت کا اعلان کا فیصلہ کردیا ہے، حکومتی جماعتیں بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی بھی انتخابی دنگل میں ایک دوسرے کی مدمقابل ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی نے حلقے سے عصمت اللہ ترین کو حتمی امیدوارنامزد کیا، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سید عبدالباری آغا امیدوار ہے، تاہم اس نشست پر اصل مقابلہ جمیعت علماء اسلام کے سید عزیزاللہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللہ ترین کے درمیان متوقع ہے، اس کے علاوہ جمیعت نظریاتی کے سید جلیل احمد، جمیعت (س) کے روزی خان اور پاکستان راہ حق پارٹی کے سید محمد بھی اس نشست پر امیدوار ہیں اس کے علاوہ 21 آزاد امیدواران بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جمیعت علماء اسلام کی حمایت کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے تاحال حتمی امیدوار کا اعلان نہیں کیاہے، اور نہ ہی اب تک کسی دوسری جماعت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد امیدواروں نے انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، حتمی فیصلہ حلقے کے عوام 16 فروری کو کریں گے۔