ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کی اشد ضرورت ہے؛ وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک کی ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کےاجلاس میں گفتگو

128

ملتان، 30جنوری(اے پی پی ): وزیر توانائی ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کی اشد ضرورت ہے،محکموں کے افسران کے لئے ضروری ہے کہ منصوبے پر کام کے آغاز کے وقت متعلقہ منتخب ممبر اسمبلی کو آگاہ کرے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں  نے   ہفتہ  کو  یہاں  ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس  میں  شرکت کے موقع پر کیا۔ وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پالیمنٹیرین منصوبے کی اونر شپ لیں گے، ترقیاتی منصوبے کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور آئندہ اجلاس کا ایجنڈا ممبران اسمبلی کو پہلے فراہم کیا جائے،سبزی منڈی کے باہر  تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اورسبزی منڈی  کے عقب میں ویسٹ کا ڈمپنگ پوائنٹ ختم کیا جائے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ شہر میں قائم عارضی ڈمپنگ پوائنٹس کو روزانہ زیرو ویسٹ کے فارمولے کے تحت صاف کیا جائے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا ملتان دورہ جلد متوقع ہ،ے پارلیمنٹیرین اور ضلعی انتظامیہ ملتان کے لئے ترقیاتی پیکج باہمی کوآرڈنیشن سے تیار کرے گی۔

 وزیر مملکت عامر ڈوگر نے کہا حکومت تعمیر و ترقی کے حوالے سے اگلے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے،اب ترقیاتی منصوبوں کی سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، کوآرڈنیشن کمیٹی اراکین اسمبلی کے پبلک ایشوز کو بھی حل کرے گی۔ عامر ڈوگرنے  ایم ڈی اے چوک سے ڈیراڈا تک سڑک کی تکمیل میں تاخیر کا نوٹس بھی لیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پی ایچ اے نواں شہر چوک میں موجود مسجد کو متبادل جگہ فراہم کرے،فیض عام چوک سے نواب پور روڈ کو کشادہ کیا جائے گا ۔انہوں  نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ملتان میں لیبارٹری کے قیام کا منصوبہ تیار کیا جائےشہر میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے،غیر قانونی تعمیرات کی پشت پناہی کرنے والوں میں کارپوریش کے اہلکار ملوث ہیں۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ جو عناصر کرپشن  میں ملوث ہیں انہیں سبق سکھایا جائے۔انہوں  نے ڈیرہ اڈا سے ویگن اسٹینڈز منتقل کرانے پر ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ نشترٹو کے منصوبے کے لئے بجٹ میں 1ارب66 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں، منصوبے پر1ارب 11کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔انہوں  نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے لئے جاری کئےگئے 95 کروڑ میں سے90 کروڑ خرچ کئے جا چکے ہیں،ضلع میں پانچ ترقیاتی پروگراموں پر عمل جاری ہیں۔