جمعیت علمائے اسلام  کے کارکنوں کو پارٹی دستور  کے مطابق  ف گروپ سے اختلاف ہے؛مولانا محمد خان شیرانی

92

ژوب،24 جنوری (اے پی پی): جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ  مولانا فضل الرحمان نے 2008 اور 2013 کے جنرل الیکشنز میں پارٹی جمعیت علمائے اسلام پاکستان فضل الرحمان گروپ کے نام رجسٹر کرائی، کارکنوں کو دستور  کے مطابق  ف گروپ سے اختلاف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رابطہ مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ مولانا شجاع الملک سمیت جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے دیگر سینئر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 انہوں نے کہا کہ پارٹی کسی کی جاگیر نہیں، کارکنان جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو فعال اور منظم بنانے میں اتحاد اور اتفاق کے راستے پر گامزن ہیں۔

 مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی الیکشن میں دستور اور آئین کو پامال کیا گیااور سلیکٹڈ لوگوں کا انتخاب کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینئر رہنمامولانا شجاع الملک نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک ناکام ہے، وہ جتنے جلسے کریں عوام نے انکو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اور جنرل الیکشن میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کلین سویپ کریگی۔

تقریب میں شریک دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مورثی سیاست کے خاتمے کے لئے،  تنظیم کا  دائرہ  خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں تک وسیع کرینگے۔