جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے: وزیراعظم عمران خان

108

اسلام آباد،24جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کرنے والوں میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، وہاڑی سے رکنِ قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی اور اور نور محمد خان بھابھا شامل تھے۔ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ اور کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اورنگزیب کھچی نے وزیرِ اعظم کو وہاڑی میں کیڈٹ کالج کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹیریٹ کے قیام کا مقصد ان اضلاع پر توجہ مرکوز کرکے ان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔  وزیرِ اعظم نے مزیدکہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج کی تجاویز تیار کر رہی ہے جس کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔