سکھر: سمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی جارحیت اورانسانی حقوق کی پامالی کے خلاف ریلی

107

سکھر،28 جنوری (اے پی پی ) : سکھر سمال ٹریڈرز اینڈ سکھر ڈویلمپنٹ الائنس کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مسلسل کرفیو، انسانی حقوق کی پامالی ، بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ریلی صرافہ بازار سے نکالی گئی جس کی قیادت سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر اور چیئرمین ایس ڈی اے حاجی جاوید میمن نے کی،ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی میں سکھر سمال ٹریڈرز اور ایس ڈی اے رہنماؤں حاجی محمد شریف ڈاڈا ،غلام مصطفی پھلپوٹو،مفتی چمن زمان قادری،ستار انصاری،عبدالباری،آغا اکرم ،آغا طاہر،ڈاکٹر سعید اعوان،رضوان قادری و دیگر بھی شامل تھے۔ شرکاءنے ہاتھوں میں کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کے خلاف تحریری پلے کارڈ اور بینرز ،پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے،اس موقع پر شرکاءریلی نے کشمیری مسلمانو ں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نعرے لگائے۔

سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر وچیئرمین ایس ڈے اے حاجی محمد جاوید میمن ودیگر نے  ریلی   سے خطاب میں  کہا کہ  بھارت کشمیر میں بے گناہ کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن افسوس عالمی برادری کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ پاکستان کی عوام اپنے کشمیری مسلمان بھائیوں کیساتھ ہے ، پاکستان کی افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے  جبکہ پاکستانی قوم اپنی افواج پاکستان کیساتھ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

شرکاءریلی نے اقوام متحدہ سمیت دیگر مسلم ممالک کے سربراہان سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیکر کشمیری مسلمانوں کو بھارت کے مظالم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔