بورے والا ، 29 جنوری (اے پی پی ): سیکرٹری لائیو اسٹاک جنوبی پنجاب میاں آفتاب احمد پیر زادہ اور ڈی جی لائیو اسٹاک منصور احمد ملک نے جمعہ کو یہاں ضلع وہاڑی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف منصوبوں سمیت فیلڈ اسپتالوں کا افتتاح کیا۔
سیکرٹری لائیو اسٹاک جنوبی پنجاب میاں آفتاب پیر زادہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبہ جنوبی پنجاب کو فعال بنانے کے لئے سیکرٹریز کو تعینات کردیا ہے اور وہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے تینوں بڑے ڈویژنز میں پورے پنجاب کا 45 فیصد لائیو اسٹاک پایا جاتا ہے اس وقت ہمارا فوکس مویشی پال جانوروں کے تحفظ،آگاہی اور بڑھوتری پر ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام علاقوں میں اعلی نسل کی گائے،بھیڑ،بکری اور دیگر جانور موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس خطے کا مستقبل ہی لائیو اسٹاک پر منحصر ہے، مویشی پال کسان مضبوط ہوگا تو یہ خطہ بھی ترقی کرے گا۔
اس موقع پر ڈی جی لائیو اسٹاک منصور احمد ملک،ڈائریکٹر سبطین بھٹی،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان حسن بھی موجود تھے۔