پشاور،یکم جنوری(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس موجودہ حکومت کا ایسا فلیگ شپ منصوبہ ہے جو ریاست مدینہ کے وژن کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اسکیم کی صوبے کی سو فیصد آبادی تک توسیع کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے، جسکے تحت صوبے کے چھ اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی اور ہری پور کی سو فیصد آبادی کو صحت کارڈ فراہم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی محمود خان نے صحت کارڈ پلس کی توسیع کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ان اضلاع کی ایک کروڑ 40 لاکھ آبادی قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر صحت کارڈ پلس دئے جائیں گے کیونکہ موجودہ حکومت نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے پورے کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت اسکیم پر سالانہ 18 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، جس میں صوبے کے عوام کی وسیع تر مفاد میں کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کو بھی اس اسکیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔
محمود خان نے کہا کہ اس اسکیم کو پہلے ہی سے ضم شدہ اضلاع کی سو فیصد آبادی تک توسیع دی جا چکی ہے اور اب ضم شدہ اضلاع کے عوام بھی سالانہ چھ لاکھ کی بجائے 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے۔