پشاور،12 جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز کا بنیادی اور ابتدائی کام میونسپل سروسز کی فراہمی ہے جبکہ ڈویلپمنٹ کا کام ان کی ثانوی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ رورل ایریا میں بھی سڑکوں کے دونوں اطراف میں بننے والی عمارتوں کیلئے بھی نقشہ کی منظوری ضروری ہے اور کوئی بھی عمارت بغیر نقشے کے نہیں بنایا جائے گا۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ ضلع لکی مروت، ہنگو بشمول صوبے کے تمام اضلاع کی خوبصورتی، جدت اور تعزین و آرائش کے لیے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی خالی اراضیوں پر پلے لینڈ، پارکس اور دیگر تفریحی مقامات بنائی جائے گی۔ جبکہ شہروں اور گردونواح میں بننے والے پلازوں میں ضروریات زندگی کے سہولیات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ کار پارکنگ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے یہ ہدایات ضلع لکی مروت اور ہنگو کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے حج اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور، ممبر صوبائی اسمبلی شاہ فیصل خان، ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید رحمان اور لکی مروت، غزنی خیل، ہنگو و ٹل کے تحصیل میونسپل آفسران اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ پی ایف سی فنڈ سے صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے ٹرک، کنٹینرز اور دیگر صفائی کی مشینری خریدی جائے تاکہ کم افرادی قوت کی ضرورت ہو اور کم وقت میں زیادہ کام ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم ایز فیول کارڈ کا استعمال یقینی بنائیں۔ جبکہ بازاروں میں سٹریٹ لائٹس لگانے، واش رومز تعمیر کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ ہر ہفتے میں ایک دفعہ شہر کے تمام سڑکوں کو دھویا جائے گا اور جراثیم کش اسپرے کرائی جائے گی تاکہ ان سے پیدا ہونے والے بیماریوں اور دھول کا خاتمہ کیا جاسکے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ شہروں کے سبزہ زار اور گرینی کو بڑھانے کے لیے مختلف جگہوں پر پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں سائن بورڈ، بل بورڈ اور وال چاکنگ کا مکمل خاتمہ کرایا جائے۔