سکھر،25جنوری(اے پی پی ): سندھی زبان کے معروف افسانہ نگار ابراہیم کھرل کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب رنگ بازار کی تقریب رونمائی جم خانہ خیرپور میں منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت محمود مغل نے کی جبکہ ایازگل، ادل سومرو، ممتاز بخاری اور طارق قریشی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
مقررین نے ابراہیم کھرل کے افسانوں اور افسانوں کے مجموعہ پر پیش کئے گئے مقالات میں کہا کہ سندھی افسانہ بدلتے وقت کے تقاضوں پر پورا اتر رہا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھی میں لکھے جانے والے افسانوں اور شاعری کا قومی زبان اور انگریزی میں ترجمہ کیا جائے تاکہ ملک کے دیگر حصوں میں بسنے والے بھی ان سے روشناس ہوسکیں۔