معیاری اور سستی تعلیم دور دراز علاقوں کے طلباء و طالبات کا بنیادی حق ہے؛ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ضیاء القیوم

91

ساہیوال،30 جنوری(اے  پی پی ): وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ معیاری اور سستی تعلیم دور دراز علاقوں کے طلباء و طالبات کا بھی بنیادی حق ہے جسے پورا کرنے کے لئے اوپن یونیورسٹی شب و روز مصروف  ہے ۔ یونیورسٹی ملک بھر میں معیاری اور سستی تعلیم اور طلباء کے گھروں کی دہلیز پر تمام سہولتیں مہیا کر رہی ہے  اورطلباء کے مسائل کے حل ،امتحانات، ورکشاپس اور نتائج میں شفافیت کے لیےتمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا   اظہار  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ایلیمنٹری کالج میں داخلہ آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے اوپن یونیورسٹی ملک بھر میں اپنے کیمپس قائم كر رہی ہے اور داخلہ فارم سے لے کر ڈگری کے اجراء تک کے تمام مراحل کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر  ضیاء القیوم نےاساتذہ، ٹیوٹرز اور میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب دئیے اور کہا کہ یونیورسٹی نے ڈیڑھ سال میں ڈیجیٹل ٹرانسمیشن سسٹم متعارف کروایا تا کہ طالب علموں کو تعلیم کے حصول میں مزید آسانی میسر ہو سکے۔ مزید آٹو میشن کے لئے امسال 60 کروڑ روپے خرچ کئے جا رھے ہیں جبکہ ڈیڑھ لاکھ طلباء و طالبات کی آن لائن ٹریننگ ورکشاپ کروائی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام آن لائن ایجوکیشن کے لئے ریجنل لیول پر ٹریننگ دینگے کیونکہ ملک بھر میں 14 لاکھ بچے فاصلاتی نظام کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

تقریب کے اختتام کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے ڈائریکٹر ریجنل سروسز انعام الله شیخ ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن میجر (ر) راجہ عمر یونس ،ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد انیس کے ہمراہ  ریجنل کیمپس کا دورہ کیا۔کیمپس پہنچنے پر سٹاف نے وائس چانسلر کاشاندار استقبال کیااور سٹاف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر  ضیاء القیوم نے کمپیوٹر لیب کا افتتاح بھی کیا۔