ملتان، 19 جنوری(اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کی صدارت میں کرائم کنٹرول اجلاس ہو ا، اجلاس میں جنوبی پنجاب کی امن و امان صورتحال اور پولیس اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور کہا کہ عوام کی خدمت اور انصاف کی میرٹ پر فراہمی فورس کا نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھانے کو خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بناکر ہی عوام کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے ، پولیس افسران جرائم کی شرح کنٹرول کرنے کیلئے فیلڈ میں بہترین صلاحتیوں کا مظاہرہ کریں۔
آر پی او نے کہا کہ ریجن میں امن و امان کی مانیٹرنگ کیلئے سکیورٹی برانچز کی ازسر نو تنظیم کی جارہی ہے۔
وسیم احمد خان نے کہا کہ منشیات فروشی اور قمار بازی کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور تمام نوعیت کے مقدمات کے فوری اندراج کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے ذریعے پولیس اور عوام میں موثر رابطہ سازی قائم ہورہی ہے۔
اجلاس کو آر پی او ڈیرہ غازی خان اور آر پی او بہاولپور کی جانب سے لاء اینڈ آرڈر پر بریفنگ بھی دی گئی۔