ملتان؛سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کا کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں کا دورہ، کاشتکاروں  کے مسائل  سنے

101

ملتان، 22 جنوری(اے پی پی ):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کوہ سلیمان کے قبائلی علاقوں فاضلہ،قطبہ،منگروٹھہ اور چنالہ کا دورہ کیا۔دورہ  کے دوران محکمہ زراعت کے تحت جیپ ایبل ٹریک ودیگرجاری ترقیاتی سکیموں کا  جا ئزہ لیا جبکہ گندم،سبزیات ودیگر فصللات کا معائنہ بھی کیا۔

سیکرٹری زراعت نے قبائلی علاقوں کے کاشتکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات دی ۔مقامی کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے  کہا کہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں  فارم سے منڈیوں تک پھلوں اور سبزیوں کی باآسانی ترسیل یقینی بنانے کیلئے400کلومیٹر سے زائدجیپ ایبل ٹریک مکمل کیا جاچکا ہے جس سے کاشتکار ودیگر افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان میں زراعت کی ترقی کے مربوط منصوبہ کے تحت 189ملین روپے کی لاگت سے مختلف سکیموں پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ قبائلی علاقوں کے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ اور معیارر زندگی میں بہتری لائی جائے سکے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کوہ سلیمان میں ہائی ویلیو ایگری کلچر کو فروغ دینے کیلئے 90 فیصد سبسڈی پر پھلدار پودے فراہم کئے جارہے ہیں۔اس منصوبہ کے تحت امسال 75 ایکڑ تک زیتون،35ایکڑ تک مالٹا اور 09 ایکڑ تک کھجور کے پودے فراہم کئے جائیں گے۔کاشتکاروں کو گندم،جواراور باجرہ کا بیج  90 فیصد رعائتی قیمت پر جبکہ سبزیات کے بیجوں کے پیکٹس بلامعاوضہ فراہم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی نئی سفارش کردہ اقسام کے بیج کی سبسڈی پرفراہمی کوہ سلیمان کے غریب کسانوں کیلئے ایک احسن اقدام ہے،گندم کی موجودہ صورت حال تسلی بخش ہے، اگر موسمی حالت بہتر رہی تو گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے کاشتکاروں کی آمدن بڑھے گی۔

 سیکرٹری زراعت نے واٹر مینجمنٹ کے تحت واٹر سٹوریج ٹینک اور تالاب چیک کئے جبکہ سوئل کنزرویشن کے سپل وے ودیگر سکیموں کو بھی چیک کیا۔