ملتان؛ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کے زیراہتمام فلاور فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ

67

ملتان، 20جنوری(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کے زیراہتمام فلاور فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، عید گاہ کے قریب واقع زکریا پارک میں پھول رنگ و خوشبو بکھیریں گے، رنگ و نور کا میلہ موسم بہار میں اپنا رنگ جمائے گا۔

 فلاور فیسٹیول کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ کورونا وباء کے اس گھٹن زدہ ماحول میں فلاور فیسٹیول شہریوں کے لئے تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں ،توقع ہے کہ مارچ کورونا وباء کے خاتمے کا آغاز ثابت ہو گا ۔

انہوں  نے کہا تہوار اور میلے انسان میں ایک نیا جوش اور جذبہ پیدا کرتے ہیں، پھول فطرت کا انتہائی خوبصورت شاہکار ہیں اور کہا فلاور فیسٹیول کو پورے جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے پُرکشش بنایا جائے گا فلاور فیسٹیول کا فیصلہ اوپن جگہ پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ضلعی انتظامیہ پھولوں کی نمائش کے لئے پی ایچ اے کو تمام سپورٹ فراہم کرے گی،چونگی نمبر9 سے عیدگاہ تک شاہراہ کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا،زکریا پارک کے دونوں اطراف میں سڑکیں پارکنگ کے لئے مختص کی جائیں گی ۔

عامر خٹک نے کہا فلاور فیسٹیول کے موقع پر کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے جائیں گے،سٹالز پر ملتان کے روائتی کھانے پیش کئے جائیں گے،فیملیز کو تفریح کے لئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا۔

 چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ پی ایچ اے پھولوں کی نمائش کے لئے مکمل تیاری کررہی ہے،نمائش میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں، کالجز اور اداروں کو بھی دعوت دی جائے گی۔اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ پھولوں کےبہترین سٹال پر اداروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دئے جائیں گے،فیسٹیول میں زندگی کے سارے رنگ اور سازوں کے سب ترنگ ہونگے اور کہا کہ فلاور فیسٹیول کے موقع پر وسیب سے تعلق رکھنے والے گلوکار سُر بکھیریں گے۔

 پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالد جاوید وڑائچ بھی ملاقات میں موجود تھے۔