ملتان؛پرائس مجسٹریٹس نے  گرانفروشوں  کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا

69

ملتان، 24جنوری(اے پی پی):ضلع کے تمام پرائس مجسٹریٹس نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں گرانفروشوں  کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے، ناجائز منافع خوروں اور پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنیوالے دکانداروں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے۔

 تھانہ صدر کے علاقہ میں مقررہ قیمت سے زائد ریٹ پر فروٹ فروخت کرنے پر محمد اکرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تھانہ گلگشت کے علاقہ میں دودھ100 روپے فی لٹر فروخت کرنے پر محمد ساجد کو جیل میں بند کردیا گیا ہے۔

 اے سی صدر آبگینے خان نے معصوم شاہ روڈ پر واقع مارکیٹس اور پٹرول پمپس کی چیکنگ شروع کر دی ہے اور اوورچارجنگ کرنیوالوں پر61 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

 اے سی محمد زبیر نے شاہ رکن عالم پر پٹرول پمپس کی پڑتال شروع کر دی ہے اور زائد نرخ وصول کرنے  پرپٹرول پمپ مالک پر15ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

اے سی محمد زبیر نے لاڑ روڈ پر قیمتوں کی پڑتال کے دوران گرانفروشوں کو11 ہزار روپے جرمانہ کر دیا ہے جبکہ پرائس مجسٹریٹ طارق ولی نے ناجائز منافع خور کو حوالات میں بند کرادیا ہے۔

 پرائس مجسٹریٹ محمد جہانگیر نے نواب پور روڈ پر اشیاء کے زائد نرخ وصول کرنیوالوں کو14 ہزار روپے جرمانہ کردیا ہے، پرائس مجسٹریٹ محمد یوسف نے گرانفروشوں پر12 ہزار اور نعیم چنگیزی نے5ہزار روپے  روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

 پرائس مجسٹریٹس کامران علی،ڈاکٹر فاروق نے بھی مختلف مارکیٹوں کی چیکنگ کی اور بھاری جرمانے عائد کیے ۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے پرائس مجسٹریٹس کی آج اتوار کی چھٹی منسوخ کردی تھی، ڈپٹی کمشنر نے اتوار کو پرائس چیکنگ کا ٹاسک دیا تھا،شام گئے تک پرائس مجسٹریٹس کی کارروائی جاری رہے گی۔