ملتان، 19جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہر کے تمام فلائی اوورز اور شاہراہیں چمکانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ جس کے بعد ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے تمام فلائی اورز اور مرکزی شاہراہوں کو پانی سے دھونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں کچہری چوک کے طویل فلائی اوور کی واشنگ شروع کر دی گئی ہے۔ واٹر باوزر، سپرنکلرز اور مکینکل سوئیپرز فلائی اوور پر پہنچا دیئے گئے ہیں، ورکرز سڑکوں سے دھول مٹی کی تہیں ہٹانے میں مصروف عمل ہیں۔ سڑکوں پر سپرنکلرز کے ذریعے پانی چھوڑنے کے بعد مکینکل سوئیپر کے ذریعے صفائی کی جاری رہی ہے،کمپنی ورکرز سڑکوں سے ڈرینیج کے راستے پانی کی نکاسی میں حائل کچرا ہٹانے میں بھی مصروف ہیں۔
ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ واشنگ کے عمل سے سڑکوں کے رخ نکھر گئے ہیں اور سڑکوں سے دھول مٹی اڑ کر موٹرسائیکل سواروں کے ناک اور حلق میں جانے کا باعث بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں سڑکوں پر جمی مٹی سے پھسلن پیدا ہوتی ہے اور حادثات رونما ہوتے ہیں۔ایم ڈی نے کہا کہ کمپنی انتظامیہ منظم منصوبہ بندی سے شہر کی صفائی میں بہتری لا رہی ہے۔