میونسپل کمیٹی قصبہ گجرات کوپبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ماڈل انڈسٹریل سٹی بنایا جائے گا، جس کیلئے حکومت پنجاب اور پارکوآئل ریفانری فنڈز فراہم کرے گی : کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد

78

مظفرگڑھ20جنوری2021( )کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی قصبہ گجرات کوپبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت ماڈل انڈسٹریل سٹی بنایا جائے گا، جس کیلئے حکومت پنجاب اور پارکوآئل ریفانری فنڈز فراہم کرے گی، ماڈل انڈسٹریل سٹی کیلئے میگا پروجیکٹ شروع کئے جائیں گے جس میں چوک قریشی سے قصبہ گجرات تک دو رویہ سٹرک کی تعمیر، دیہی مرکز صحت کی ٹی ایچ کیو میں اپ گریڈیشن، ریسکیو1122اسٹیشن کا قیام، ماڈل پولیس اسٹیشن کا قیام، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا قیام جیسے منصوبے شامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس مظفرگڑھ میں اس سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، آر پی او محمد فیصل رانا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین، ڈی پی او حسن اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈی جی خان عبیدالرحمن بھی موجود تھے۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ میونسپل کمیٹی گجرات سے ناجائز تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اس عمل کومسلسل جاری رکھا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں، صفائی کی نظام کو بہتر بنایا جائے۔ سٹریٹس لائٹس کی نتصیب کی جائے، ٹریفک کے کنٹرول کیلئے ٹریفک پولیس تعینات کی جائے، حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں، ریسکیو 1122کا پوائنٹ بنایا جائے۔ آر ایچ سی میں برن یونٹ کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں، آئل کمپنیوں کو فائر بریگیڈ رکھنے کا پابند بنایا جائے۔ ٹیکنیکل کالجز میں پیٹرو کیمیکل انجینئرنگ کا ڈپلومہ شروع کیا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرانے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان بھی اس سلسلے میں اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، منصوبوں کی منظوری کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ رکھا جائے اور ان کی پیروری کی جائے تاکہ جلد سے جلد کام شروع کیا جاسکے۔ آر پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ میونسپل کمیٹی قصبہ گجرات کو ماڈل انڈسٹریل سٹی بنانے کیلئے محکمہ پولیس ہر ممکن تعاون کررہا ہے، ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام، ٹریفک پولیس کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سمیت سکیورٹی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تیل سے بھری گاڑیوں کو شاہرات پر کھڑا نہ رکھا جائے اور نہ ہی ان پر مرمت کا کام بالخصوص ویلڈنگ کا کام نہ کیا جائے۔ آئل کمپنیاں قواعد کے مطابق پارکنگ کے مناسب انتظامات کریں۔ ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی قصبہ گجرات میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری  ہے۔ کوڑا کرکٹ اٹھایا جارہا ہے، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب کیلئے پلان تیار کیا جارہا ہے۔ ریسکیو 1122کی سروس شروع کردی گئی ہے۔ آر ایچ سی میں 24گھنٹے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف دستیاب ہے۔آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن کیلئے اعلیٰ حکام کو لکھ دیا گیا ہے اس سلسلے میں پارکو بھی مالی معاونت کررہی ہے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو ڈاکٹر فیاض احمد، سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ایڈمن ہیڈ پارکو قمر الحسن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر نیر عالم، سول ڈیفنس آفیسر غلام یٰسین، سی او میونسپل کمیٹی قصبہ گجرات روشن ضمیر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔