نارووال،یکم جنوری( اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نارووال کی زیر نگرانی شکرگڑھ ،ظفروال اور نارووال میں عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے تحصیل کمپلیکس نارووال میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائیلین کی شکایات کو سنا اور موقع پر ان کے فوری ازالے کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات صادر کئے ۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے کھلی کچہری میں آنے والے سائیلین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری کے انعقاد سے لوگوں کو وراثتی انتقالات،فرد و رجسٹریشن،ناجائز قبضہ،ڈومی سائل کے حصول کے علاوہ دیگر معاملات حل کرنے میں بھرپور مدد مل رہی ہے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ڈپٹی کمشنر سے لے کر ریونیو افسران سمیت پٹواری تک ایک چھت تلے موجود ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نارووال نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل کے فوری ازالے کے لئے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئےشہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ عوامی مسائل کا فوری ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نارووال نے کہا کہ ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے مسائل کے فوری حل کے ساتھ ساتھ قبضہ مافیا کے خلاف بلا خوف و خطر اور بلا امتیاز جاری رکھیں۔
اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر، اسسٹنٹ کمشنر سیدہ تہنیت بخاری،تحصیلدار رائے محمد حسین نواز،ریونیوآفیسرمحمد ارشد،شہزاد انور،کمپیوٹر انچارج عثمان میر سمیت تمام متعلقہ ریونیو سٹاف اس موقع پر موجود تھے ۔