لاہور، 29 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر بات چیت کی گئی۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا،منتخب نمائندوں کو مکمل عزت و احترام ملے گا،عوام کے مسائل کے حل کے لئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا جبکہ اراکین اسمبلی کی تجاویز کو پوری اہمیت دی جائے گی اورقابل عمل تجاویز پر عملدرآمد ہوگا۔اس کے علاوہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام سے عوام کو علاج کی بہترین سہولیات مفت ملیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہم کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے۔پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں، عوام کو دھوکہ دینا اپوزیشن کا وطیرہ ہے لیکن اب ایسے نہیں ہوگا۔