پشاور، یکم جنوری(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کرک میں مسمار شدہ مندر کی دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کردیا، وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت کیجانب سے مندر کی دوبارہ تعمیر کے لئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
اس بات کا اعلان وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق ون مین کمیشن کے سربراہ شعیب سڈل سے ملاقات کے موقع پر کیا جس میں کرک میں مندر کو آگ لگانے اور مسمار کرنے کے واقعے پر تبادلہ خیال اور مشتعل ہجوم کی طرف سے مندر کو جلانے اور مسمار کرنے کے واقعے کی مذمت بھی ہوئی۔
ملاقات میں وزیر اعلی محمود خان نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے کیونکہ صوبے میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اہم ترجیح ہیں، جس پر کمیشن کے چیئرمین شعیب سڈل اور ایم این اے رمیش کمار کی اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اقلیتی ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز بھی موجود تھے جبکہ قبل از ایں شعیب سڈل اور رمیش کمار نے کرک میں مسمار کئے گئے مندر کی جگہ کا بھی دورہ کیا تھا۔