وفا قی  وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کیلئے تین ارب روپے کے منصوبے

90

کراچی: 4 جنوری ( اےپی پی):وفاقی وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن  کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ اور پی ٹی سی ایل  کے مابین سندھ کے مختلف اضلاع میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے دو الگ الگ معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے، دونوں منصوبوں پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی جس کی تکمیل پر    سکھر، خیرپور، کشمور اضلاع کے  مختلف علاقوں کی 140 یونین کونسلوں  کے 47 لاکھ سے زائد افراد کو تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آسکیں گی۔ معاہدے کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے ۔

معاہدوں  پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے سی ای او حارث محمود چوہدری اور  پی ٹی سی ایل کے قائم مقام سی ای او   ندیم خان نے کیئے۔منصوبوں  کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ ان کی تکمیل سے  ان اضلاع میں 5  مربع کلومیٹر کی حدود میں آنے والے  372 تعلیمی ادارے، 170 صحت کے مراکز، 217 سرکاری دفاتر اور 131 بینکوں کو تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک کیا جاسکے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند اور پرمسرت موقع ہے کہ میں اپنے سندھ کے اضلاع “کشمور ، سکھر اور خير پور کے لاکھوں افراد کیلئے آپٹک فائبر کیبل کے منصوبوں پر معاہدے کی اس پروقار تقریب کا گواہ ہوں ۔کیونکہ یہ میرے صوبے کے لوگوں کیلئے ہے۔