چنیوٹ،یکم جنوری (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے تحصیل میونسپل کارپوریشن ہال میں ریونیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا، ریونیو عوامی کچہری میں انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور افسران کو اپنے مسائل بتائے۔
ڈپٹی کمشنر و دیگر افسران نے موقع پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے،درستگی ریکارڈ،فرد کا اجرا،انتقالات کا اجرا،رجسٹری،انکم سرٹیفکیٹ،معائنہ ریکارڈ،ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات کو وہاں قائم شدہ کاؤنٹرز پر فوری حل کیے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو فوری انصاف و دیگر مسائل حل کی فراہمی اولین ترجیح ہے،لوگوں نے موقع پر مسائل حل کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریونیو عوامی کچہری کو حکومت پنجاب کا احسن اقدام قرار دیا،
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران عصمت پنوں، اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ غزالہ کنول اور دیگر ریونیو کے افسران اور عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر بھی موجود تھا۔
علاوہ ازیں ضلع چنیوٹ کی تحصیلوں میں بھی ریونیو عوامی کچہری کا انعقاد کیا گیا جہاں اسسٹنٹ کمشنرز نے لوگوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔