پشاور، 27جنوری(اے پی پی): ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان شہید کی چودھویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے برسی کی تقریبات میں خصوصی طور پر شرکت کی۔برسی کے موقع پر غلام بانڈہ میں واقع شہید ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان کے مقبرے کے احاطے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال،اے ایس پی صدر وقاص رفیق،ڈی ایس پی ناظر حسین،سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ذاکر شاہ،سابق ضلع ناظم کوہاٹ ملک اسد خان،ملک سعد شہید کی اہلیہ،شہید کے فرزند ملک سالم خان اور ملک سعد شہید میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے عہدیداروں نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے سالانہ برسی کی تقریب کے دوران پولیس کے چاق وچوبند دستے کے ہمراہ شہید ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان کے قبر پر سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے۔شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں اورانکی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان شہید کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے فرض کی ادائیگی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کرنے پر شہید کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔27جنوری سال2007کو پشاور کے علاقہ قصہ خوانی بازار کے محلہ ڈھکی دالگراں میں ساتویں محرم الحرام کی ماتمی جلوس کے موقع پر خود کش دھماکے میں جام شہادت نوش کرنیوالے اس وقت کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او)پشاور ڈی آئی جی ملک محمد سعد خان شہید کی برسی گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی انتہائی عقیدت واحترام سے مناتے ہوئے صوبائی اور مقامی پولیس حکام کی طرف سے شہید کے خاندان کیساتھ اظہار یکجہتی کا ثبوت پیش کیا گیا اور انکے پسماندگان کو مشکل کی ہر گھڑی میں بھر پور ساتھ دینے کے ایفائے عہد کا بھی عملی طور پر یقین دلایا گیا۔