کوہلو،24جنوری(اے پی پی): لیویز نے خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوہلو ممتاز کھیتران نے لیویز لائن میں پریس کانفرنس کرتے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں مصروف عمل ہے، ایک کارروائی کے دوران لیویز سے فائرنگ کے تبادلے میں چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہےجن کے قبضہ سے دو مسروقہ موٹر سائیکل،ایک عدد پسٹل ،ایک میگزین رونداور لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے کہا کہ منشیات فروشوں کا یہ گروہ کوہلو ،بارکھان اور دکی میں ہیروئن،کرسٹل اور آئس سمگل کررہے ہیں، شاہ گل عرف طور ان گروہ کا سرغنہ ہے جو دکی کے علاقے نانا صاحب کا رہائشی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہیروئن، آئس اور کرسٹل افغانستان سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سمگل کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ منشیات فروش نوجوان نسل کو برائی کی طرف راغب کررہے ہیں جسے مکمل طور پر ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔