چیف آف ائیر اسٹاف  اوپن گالف چیمپئن شپ2021 محمد شبیر نے   جیت لی

136

اسلام آباد، 08 فروری (اے پی پی ): چالیسواں سی اے ایس اوپن گالف چیمپئن شپ کے آخری دن میں محمد شبیر اور متلوب احمد کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، محمد شبیر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔محمد شبیر 277اسکور(11 انڈرپار) کے ساتھ پہلے نمبر کے حقدار بنےجبکہ  مطلوب احمد نے 284 اسکور (4انڈرپار) کے ساتھ  دوسری پوزیشن اور محمد منیرنے 287 اسکور (1 انڈرپار) کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 چالیسواں چیف آف دی ائیر اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی بر وقار اختتامی تقریب ائیرمین گالف کورس پی اے ایف کورنگی کریک میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے انتظامی کمیٹی اور ائیر مین گالف کورس کے تمام عہدیداروں کو چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد  پیش کی۔انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ دوسرے کھیلوں  کے ساتھ ساتھ گالف کو بھی فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے400 سے زائد مشہور گالفرز نے حصہ لیا جن میں 109پروفیشنل بھی شامل تھے۔چیف آف دی ایئر اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 1977میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی تھی جس کے بعد سے یہ ہر سال پاکستان گالف فیڈریشن اور پاکستان ایئر فورس کے سالانہ کیلنڈر کا ایک اہم ایونٹ بن چکی ہے۔