کشمیر کی آزادی کی جنگ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور فتح بھی ہماری ہوگی؛ ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین

64

مظفرگڑھ، 5فروری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،کشمیر کی آزادی تک پاکستانی قوم اور حکومت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کرتی رہے گی، کشمیر کی آزادی کی جنگ ہم جذبہ ایمانی کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور فتح بھی ہماری ہوگی۔

 یہ بات انہوں نے یوم کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جان چکی ہے کہ پاکستان کشمیر یوں کے ساتھ ہے اور کشمیری پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ظلم و بربریت کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مستحکم ملک بن کر سامنے آرہا ہے پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان اقتصادی اور معاشی طور پر ایک مضبوط ملک بن کر رہے گا۔

 سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر رانا مسعود اختر نے کہاکہ غلام قوموں کی کوئی بصیرت نہیں ہوتی، سیاسی آزادی ہی ذہنی اور معاشی آزادی کا آئینہ دار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں آر ایس ایس پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے اور ہمیں دنیا کا امن عزیز ہے، ہم نے پوری دنیا کو آر ایس ایس کا اصل چہرہ دیکھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی ہمارے سیاسی اور اقتصادی استحکام سے وابستہ ہے ہم نے میں سیاسی استحکام پیدا کرنا ہے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

رانا محمد افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا ناگزیر حصہ ہے، آزادی کشمیر کی جدو جہد ہمارا اخلاقی، لسانی اور دینی فریضہ ہے، کشمیر کی آزادی کی تحریک پاکستان کی سالمیت اور تکمیل کی تحریک ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو وکیل ہے اور جدو جہد آزادی کشمیر میں پاکستان کو ہر فرد شامل ہے۔

سیمینار میں سردار کوڑے خان پبلک سکول  کے  بچوں نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔

قبل ازیں صبح 10بجے ڈی سی آفس میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی،ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین اور ڈی پی او محمد حسن اقبال کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جو کچہری چوک سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل پہنچ کر اختتام پزیر ہوئی۔

 اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین، سی ای او صحت ڈاکٹر مہر اقبال،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر مسعود اختر، پرنسپل کوڑے خان پبلک سکول طاہر بشیر، ملک خیر محمد بدھ، مولانا عبدالمعبود آزاد، عبدالغنی ثاقب، رانا محمد افضل، غلام علی بخاری، پرفیسر افتخار ہاشمی، سید امیر حسن، شیخ عامر سلیم، ملک جاوید اختر، افضل چوہان، محمد بلال، سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین، ضلعی صدر پی ٹی آئی عامر آرائیں، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ صحت،محکمہ تعلیم کے افسران و اہلکار، رضا کار، ٹائیگر فورس کے رضا کار، سکاؤٹس، سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندگان سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔