کوہلو؛ پی ٹی آئی کیجانب سے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی

53

کوہلو، 05 فروری (اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوہلو شہر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی، ریلی میں پاکستان تحریک انصاف کوہلو کے صدر ایڈوکیٹ میر اسرار زیب مری،ایڈوکیٹ میر جلیل مری،میر خورشید مری،حاجی عبدالرحمن مری،جنرل سیکرٹری محمد نور مری سمیت علاقائی عمائدین،سیاسی و سماجی رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور غاصب بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے، شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے، شہر کی فضاء پاکستان زندہ باد کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ریلی پی ٹی آئی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے برآمد ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے بینک چوک پر آکر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔

ریلی کے شرکاء سے ایڈوکیٹ میر اسرار زیب مری اور ایڈوکیٹ میر جلیل مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستی حکومت نے گزشتہ سات دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں پر بے تحاشہ مظالم ڈھائے ہیں مگر بہادر کشمیریوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے آج کا دن منانے کا مقصد بہادر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے بلوچستان کے غیور عوام مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کشمیرپاکستان کا حصہ تھا،ہے اور رہے گا۔