امریکہ پاکستان اسکالر شپ پروگرام کی سولہویں سالگرہ کا انعقاد

109

اسلام آباد،2فروری  (اے پی پی):حکومت پاکستان کے زیر انتظام ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) کی جانب سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی  شراکت سے جاری میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالر شپس پروگرام (ایم این بی ایس پی) کی سولہویں سالگرہ منائی گئی۔   اس شراکت داری سے اب تک پانچ  ہزار سے زائد طلباء اعلی تعلیم تک رسائی حاص کر چکے ہیں ۔ جن میں سے نصف سے زائد اسکالر شپس خواتین کو فراہم کئے گئے ہیں۔

   اس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹرجولی کونن کا کہنا ہے کہ یو ایس ایڈ کو ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔ یو ایس ایڈ  کو خوشی ہے کہ ہم پاکستان میں اعلیٰ مہارتوں کےحامل اور بہتر تعلیم یافتہ نوجوان پاکستانیوں کی افرادی قوت کی تیاری میں ایچ ای سی کے شریک کار ہیں ۔ تقریب میں   شریک چیئرمین  ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ  کا میرٹ اینڈ نیڈ بیسڈ اسکالر شپ پروگرام پاکستان کے احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پراجیکٹ کیلئے ایک ماڈل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم این بی ایس پی مجموعی طور پر 5300 طلبا کو اسکالرشپس فراہم کر چکا ہے جن میں سے نصف سے زائد اسکالرشپس خواتین کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ طلبا اسکالرشپس حاصل کرنے کے بعد تعلیمی میدان میں اعلیٰ مہارت اور مالی ضروریات کو پورا کرنے کے ہنر کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان طلبا میں سے اکثر دور دراز علاقوں کے رہائشی ہیں۔

 یو ایس ایڈ نے 2004 سے ایچ ای سی کے تعاون سے اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور پاکستانی جامعات میں داخلوں میں اضافے کے مقصد سے معاشی طور پر پسماندہ طبقہ کے طالبعلموں کو برابری کی بنیاد پر وظائف فراہم کیئے ہیں۔  مذکورہ پروگرام کے تحت طالبعلموں کو زراعت، انجنیرنگ، طبی سائنس اور معاشرتی سائنس کے شعبوں میں  تعلیم کے لیئے وظائف دیئے جاتے ہیں۔   وظائف حاصل کرنے والے امیدوار ملک کی تیس سرکاری اور نجی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔

   تقریب میں  شریک ایم این بی ایس پی پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد نے اپنے تجربات بیان کیے اور اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کو  حاضرین کے سامنے اجاگر کیا۔