اوکاڑہ:  موٹروے پولیس  کیجانب سے طلبہ وطالبات میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی کیلئے واک اور بریفنگ سیشن کا اہتمام

140

اوکاڑہ،17فروری(اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروےپولیس بیٹ 14کی چیف پٹرولنگ آفیسر ڈی ایس پی سائرہ طارق نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے سیکٹرکمانڈر  محمد کاشف کی ہدایات پرروڈ سیفٹی واک کا اہتمام کیا،واک میں موٹر وے پٹرولنگ آفیسر موبائل ایجوکیشن یونٹ حنا سلیم اور دیگر سٹاف کے علاوہ نجی کالج اوکاڑہ کےطلبہ و طالبات نے شمولیت کی۔

ڈی ایس  پی سائرہ طارق نے نجی کالج میں بریفنگ سیشن کےدوران طالبات کو ٹریفک قوانین،پیدل چلنے اور سڑک پار کرنے کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ موٹروے پولیس کے قیام کا مقصد لوگوں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین سے روشناس کروانا ہے۔انہوں نے طلبہ اور طالبات کو موٹر سائیکل پر سفر کرنے کے لئے ہیلمٹ کے استعمال اور اپنی قیمتی جان کی حفاظت کے لئے محفوظ سفر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے طلبہ اور طالبات میں روڈ سیفٹی سے متعلقہ پمفلٹس تقسیم کئے۔ روڈ سیفٹی کی بہترین آگاہی دینے پر نجی کالج کے پرنسپل رائے مشتاق رضا نے اپنی اور سٹاف کی طرف سے چیف پٹرولنگ آفیسر ڈی ایس پی بیٹ 14سائرہ طارق اور ان کے سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔