پشین۔18فروری (اے پی پی):صوبائی وزارت تعلیم بلوچستان میں تعلیم و تربیت کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے پشین مقامی رہسٹ ہاوس میں سی ٹی ایس پی کے اساتذہ میں تعنیاتی کے اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار یار محمد رند نے کہا تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ہے اور نہ ہی ترقی یافتہ قوموں کی صف میں کھڑی ہوسکتی ہے یہی وجہ ہے کہ اساتذہ کے کندھوں پر معاشرے کے کسی فرد کے مقابلے میں زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی ذہنی اور تہذیبی نشو و نما میں اساتذہ کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ایمانداری اور محنت سے کام کرنا ہوگا۔ میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا محکمہ تعلیم ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی شعبے میں تمام مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں وہ سیکریٹری صاحبان اور دیگر ذمہ داران سے مسلسل مصروف عمل ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا صوبے کی پسماندگی کی ایک بڑی وجہ معیاری تعلیم کا فقدان رہی ہے جس کے تدارک کے لیے سنجیدگی کے ساتھ فیصلے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک صوبے میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں سی ٹی ایس پی اسی سلسلے کی ایک بڑی کڑی ہے جس کے تحت حکومت نے نہ صرف روزگار کا ایک ذریعہ فراہم کیا ہے بلکہ نئی نسل کی تربیت اور ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کی ذمہ داری بھی عائد کی ہے۔ سردار یار محمد رند نے پشین شہر کے عوام اور عمائدین کی علم دوستی اور ترقی و پیش رفت میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ عوام اور عوامی نمائندوں کی شرکت اور دلچسپی سے کامیابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کے اظہار میں انتہائی مسرت حاصل ہوتی ہے کہ ان کا محکمہ قلیل عرصے میں نہ صرف بڑے بڑے فیصلے کرچکا ہے بلکہ عملی اور نظر آنے والے اقدامات بھی اٹھا چکا ہے اور ایسے دیگر کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا تمام نئے اساتذہ کی کوالٹی ٹریننگ میں کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے اور اس سلسلے میں تجربہ کار اور ماہر اساتذہ سے ان کو ٹریننگ دی جائے گی اس حوالے سے آنے والے بجٹ میں تعلیمی بجٹ پر خصوصی توجہ دیکر بہتر مستقبل کی ضمانت فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیم کے تمام اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط اور جدید نظام کا بھی اعلان کیا۔ سی ٹی ایس پی کی تقریب اسناد میں سابق صوبائی وزیر اسفندیار کاکڑ، صوبائی اسمبلی کے اراکین اصغر ترین ، مولانا عبد الواحد صدیقی ، سیکریٹری کالجز محمد ہاشم غلزئی ، سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن شیرخان بازئی، ڈائریکٹر اسکولز بلوچستان عبدالواحد شاکر ، ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری اور ڈی ای او اسکولز عبدالواسع کاکڑ سمیت علاقے کے معتبرین بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔