تھرپارکر ،11فروری (اے پی پی): تھرپارکر کہ شہر مٹھی میں مارچ مہینے میں تھر فیسٹیول بعنوان تھر بدلے گا پاکستان کے انعقاد کروانے کا اعلان۔ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوھو نے کہا کہ تھر کی ثقافت، قدرتی معدنی وسائل اور تھر کے لوگوں کے فن کو روشناس کروانے کے لئے مارچ میں تھرفیسٹیول بعنوان تھر بدلے گا پاکستان کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تھر کی ثقافت، تھر کے لوگوں کے فن اور تھر کے قدرتی معدنی وسائل کواجاگر کیا جا سکے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے آج دربار ہال مٹھی میں مارچ میں منعقد کئے جانے والے تھر فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھر فیسٹیول میں تھر کی ثقافتی ہنر، کھیلوں، ملھ ملاکھڑے، لوک گیت، ملی نغمے، قومی نغمے، ۔ ٹیبلوز، تقریری مقابلے، گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس کے مقابلے، محفل موسیقی، تھر کے جانوروں کی نمائش، تھر کے قدرتی درختوں کے اسٹال ، جنگی پرندوں کی نمائش، تھر کے پھلوں اور سبزیوں کی اسٹال اور تھر کی مقامی دستکاری کے اسٹال اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھر فیسٹیول میں تھرانویسٹمنٹ اینڈ ٹوئرزم کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔