ملتان11،فروری(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکوت جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے وسائل منظم طریقے سے استعمال لا رہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا رخ ملتان کی طرف موڑ رہے ہیں، اس خطہ کی زراعت اور لائیو سٹاک پر ہمارا فوکس ہے، یہاں کی فارن ایکسچینج بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے اور انڈسٹرلائیزیشن کو بھی ترقی دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق اس خطہ کی ترقی ہماری تر جیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزبہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے زیر اہتمام ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پی بی آئی ٹی کے فیسیلیٹیشن ہیلپ ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی بی آئی ٹی ڈاکٹر ارفع اقبال، کمشنر ملتان جاوید اختر محمود ، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان خواجہ صلاح الدین، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی خان خواجہ جلال الدین رومی، وائس چانسلرز ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی، ڈاکٹر راو آصف علی، ڈاکٹر عظمیٰ اور جنوبی پنجاب کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور بھی موجود تھے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب تمام شعبوں کی یکساں ترقی کاویژن رکھتے ہیں اور اس مقصد کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ بھرپور رہنمائی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12کروڑ کے لوگوں کے صوبہ کو اشاروں سے نہیں چلایا جا سکتا،ماضی میں جنوبی پنجاب کے لئے صرف وعدے کئے جاتے رہے، ہماری قیادت نے اب جنوبی پنجاب کو الگ سیکرٹریٹ دے کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے جس سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا ،یہاں کا بجٹ یہیں استعمال ہوگا، ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی روایات پر اب حقیقی معنوں میں عمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف دہشت گردی کا خاتمہ کیا بلکہ دنیا بھر میں کشمیریوں سمیت جس ملک میں بھی ظلم ہوتا ہے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے دروازے جنوبی پنجاب کے لئے کھلے ہیں، فیسیلیٹیشن ڈیسک کا قیام اس کی ابتداءہے یہاں کے صنعتکاروں کو انہی کے علاقوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب کی تمام تر سہولیات فراہم کریں گے، وہ ہمارے ادارے سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان خواجہ صلاح الدین نے کہا کہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کی سہولیات کی فراہمی پر وہ چیئرمین پی بی آئی ٹی کے شکرگزار ہیں۔ اس ڈیسک کے قیام سے اس خطہ کی زرعی و صنعتی ترقی کے لئے نئی راہیں کھلیں گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی بی آئی ٹی ڈاکٹر ارفع اقبال نے کہا کہ پی بی آئی ٹی حکومت کا چہرہ ہے جو ملکی و غیر ملکی صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔جنوبی پنجاب کے اکنامک حب زونز کو اپر پنجاب کی طرح تمام سہولیات فراہم کریں اور سی پیک پراجیکٹس سے ان زونز کو منسلک کریں گے۔ملتان میگا سٹی بن چکا ہے اور اسے درپیش چیلنجز کا سدباب بھی کریں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ فیسیلیٹیشن ہیلپ ڈیسک جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے ایک تحفہ ہے، حکومت اس علاقے کو نئی شناخت دینے جا رہی ہے۔ ملتان پورے ملک کے وسط میں واقع ہے، خطہ میں سستی لیبر میسر ہے اور اس خطہ کو اب بھرپور ترقی کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ دو ہفتوں میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ فعال ہو جائے گا اور یہاں جم خانہ کی منظوری بھی کابینہ کے اگلے اجلاس میں دے دی جائے گی جبکہ بزنس گروتھ کے لئے سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع فراہم کریں گے۔ کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کا خواب اب حقیقت بن چکا ہے۔ زراعت اور لائیو سٹاک کی ترقی کے لئے یہاں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران اس ڈیسک سے فائدہ اٹھائیں۔ ملتان انڈسٹریل سٹیٹ فل ہو چکی ہے مظفر گڑھ انڈسٹریل زون کو بھی ایکٹو کیا جائے۔ افتتاحی تقریب سے شیخ احسن رشید اور ڈاکٹر راو آصف علی نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں ڈاکٹر ارفع اقبال اور صد ر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ صلاح الدین نے مشترکہ طور پر ایم او یوز پر دستخط بھی کئے۔