حکومت سینیٹ انتخابات  میں شفافیت کو فروغ دینا چاہتی ہے: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز

56

لاہور، 6فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت سینیٹ انتخابات  میں شفافیت کو فروغ دینا چاہتی ہے، سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکومتی موقف کی صرف وہ جماعتیں مخالفت کررہی ہیں جنھوں نے ہر دور میں پیسے کی سیاست کی ہے۔

لاہور میں سندس فاونڈیشن کے دورہ  کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا  کہ بعض اپوزیشن جماعتوں نے اپنی قیادت کو کلین چٹ دلوانے کے لیے پی ڈی ایم نامی اتحاد قائم کیا ہے۔ تاہم حکومت بدعنوان عناصر کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کرے گی۔ملکی خزانہ لوٹنے والوں سے ڈیل موجودہ حکومت کے بنیادی فلسفے کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم والے اپنے مفادات کے لیے اکٹھے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کو منظم انداز میں جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔انہوں    نے کہا کہ ہماری کوئی ڈیل نہیں چل رہی، نہ ہم کسی ڈیل پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم کا واضح موقف ہے کہ جس نے لوٹا،اس کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوسکتی۔ یہ ہمارے بنیادی فلسفے کے خلاف ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ ق لیگ ہماری حلیف ہے، ہم ہمارے سب حامی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ منو بھائی ایک عظیم شخصیت تھے، سندس فاونڈیشن قائم کرکے انہوں نے ایک انتظام کردیا جو ایک صدقہ جاریہ ہے۔