لاہور، 16 فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترعلاج دینے کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے ڈاکٹرزکوکوشش کرنی چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےانسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں سینئر ڈاکٹرزکی چارہفتے کے تربیتی سیشن میں بطورمہان خصوصی شرکت کے دوران کیا۔ ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہرنے وزیر صحت کی آمدپرانکاشکریہ اداکیااور تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصدبیان کئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈاکٹرز،ایم ایس حضرات،اسسٹنٹ پروفیسرز،پروفیسرز اورسی ای اوزکی تربیت کا پروگرام انتہائی اہم ہے، ڈاکٹرزکی تربیت کا بنیادی مقصدپنجاب کے ہسپتالوں کے حالات بہترکرناہے، اللہ پاک نے ایک ڈاکٹرپر مریض کے علاج کی بہت بڑی ذمہ داری عائدکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دوروں کا مقصدمریضوں کے لئے بہترعلاج کویقینی بناناہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں حاضری،صفائی ستھرائی،فضلہ کی تلفی اور مریضوں کے ساتھ رویوں کو 9مانیٹرکیاجارہاہے، یہاں بیٹھاہرشخص ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کا ذمہ دارہے، ایک ڈاکٹرکے علاج کی تشبیہ حضرت عیسیٰ کے مردہ کوزندہ کرنے کے معجزہ سے دی جاتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا قلمدان سنبھالنے کے بعدسب سے بڑاچیلنج محکمہ صحت کی خالی اسامیوں پربھرتی تھا، ابھی تک 32ہزارڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈکس کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سوفیصدمیرٹ پربھرتی کیاگیاہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایک ڈاکٹریا پروفیسرپورے ہسپتال کیلئے رول ماڈل ہوتے ہیں،ڈاکٹرکے بہتررویے سے مریض کی آدھی بیماری ختم ہوجاتی ہے،ڈاکٹر کو”ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے“ کے جذبہ کے تحت مریضوں کی خدمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتربنارہے ہیں۔