حکومت ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دے رہی ہے؛صوبائی وزیر صنعت و تجارت  اسلم اقبال

76

 

لاہور، 10 فروری (اے پی پی):  صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے،حکومت ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دے رہی ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے چیئرمین پاکستان کوٹینگ ایسوسی ایشن معظم رشید نے  بدھ   کو  یہاں  ملاقات کی۔سیکرٹری جنرل پاکستان کوٹینگ ایسوسی ایشن کرنل ریٹائرڈ قمر اور دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں کوٹینگ انڈسٹری کے درپیش مسائل پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔

چئیرمین کوٹینگ ایسوسی نے فیڈمک سے متعلقہ کوٹینگ انڈسٹری کے معاملات، انڈسٹری کے لئے کیروسین آئل کی خریداری اور ریفنڈ کے ایشوز سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے کوٹینگ انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ حکومت کی کامیاب صنعتی پالیسی کے باعث تیزرفتاری سے نئے صنعتی یونٹس لگ رہے ہیں،حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاپہیہ چلے گا تو معیشت  فروغ پائے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے،حکومت ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں دے رہی ہے ۔صوبائی وزیر نے کوٹینگ انڈسٹری کے فیڈمک سے متعلقہ معاملات حل کرنے کے لئے سی ای او فیڈمک کو ہدایت دی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کوٹینگ انڈسٹری سے متعلقہ شارٹ کورسز کیلئے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے سی او او ٹیوٹا کو کوٹینگ ایسوسی کی مشاورت سے ادارے کے قیام کے لئے تیزی سے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی ۔