حکومت ملک  کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے :وزیراعظم عمران خان

84

اسلام آباد،17فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری کو پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک  کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے کیونکہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کے لئے بڑا خطرہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو  شکرپڑیاں اسلام آباد میں جاپانی طرز پر شجر کاری کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ شجر کاری محض ایک مشغلہ نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل اور صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لئے ناگزیر اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ میاوکی جاپانی طرز شجر کاری ہے جس کے تحت روایتی طریقوں کی بجائے دس گنا زیادہ تیزی کے ساتھ اور تیس گنا زیادہ گھنے جنگلات اگائے جاسکتے ہیں، 10 ارب درخت لگائے جانے کے منصوبے کے تحت اسلام آباد میں اس طرح کے دس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں جاپانی طرز پر شجر کاری کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے دس بڑے ملکوں میں شامل ہے، ہمیں ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور پشاور جیسے میٹروپولیٹن شہر کبھی باغوں کے شہر کہلاتے تھے لیکن آبادیاں اور آلودگی بڑھنے کی وجہ سے یہ شہر سبزے سے محروم ہوگئے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہوا میں آلودگی کی وجہ سے بچے اور بڑے شدید متاثر ہو رہے ہیں اور اوسطا عمر 11سال تک کم ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال اس لئے پیدا ہوئی کہ لاہور جیسے شہر میں درخت کاٹ کاٹ کر شہر کو کنکریٹ کا جنگل بنا دیا گیا اس صورتحال کو شجر کاری کے ذریعے ہی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان  نے کہا کہ ہمیں ماحول دوست طرز زندگی اختیار کرنا ہوگا،شجر کاری اور لوگوں کے ذہن تبدیل کرکے ہم اپنے معاشرے کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا اور ہم اب ملک بھر میں 10ارب درخت لگانے کا ہدف بھی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور ان کی ٹیم کے کام کو سراہا اور کہا کہ وہ ملک میں شجر کاری کے منصوبوں کو کامیاب بنانے کے لئے بہت محنت کررہے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے حکومت کی شجر کاری مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی نصاب میں شجر کاری کو شامل کرنے کی تجویز پربھی غور کیا جارہا ہے تاکہ اوائل عمری ہی سے نوجوانوں میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں میں طلباء کو شجر کاری کی جانب مائل کرنا چاہئے اور اس سلسلے میں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب ملکر ایک ایسا سرسبز و شاداب پاکستان بنائے گئے جس میں ہماری آنے والی نسلیں بہتر ماحول میں زندگی گزار سکیں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے شکرپڑیاں میں صنوبرکا درخت لگا کر موسم بہار کی شجرکاری کا افتتاح کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد،مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور سینیٹر فیصل جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔