سنجاوی،05 فروری(اے پی پی ): صوبائی وزیر پی ایچ ای،واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی ، یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں ہرنائی، زیارت، سنجاوی سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اورشرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے تھے۔
ریلی پرانا سنجاوی سے نکالی گئی جوکہ گھوڑا ہسپتال مسجد کے قریب ایک بہت بڑے جلسے کی شکل اختیار کرگئی،ریلی و جلسے ہرنائی، زیارت، سنجاوی کے قبائلی معتبرین، پارٹی رہنماؤں اور ڈپٹی کمشنر زیارت وقار عالم خورشید نے بھی خطاب کیا۔
صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی قوت پاکستانیوں اور کشمیریوں کے رشتے کو ختم نہیں کرسکتی، پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے، کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی نئی تاریخ لکھ رہے ہیں۔صوبائی وزیر حاجی نورمحمد دمڑ نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے، کوئی قوت پاکستانیوں اور کشمیریوں کے رشتے کو ختم نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت پر دنیا کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں، دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خواب غفلت سے بیدار ہونا پڑے گا، بے گناہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا۔
صوبائی وزیر حاجی نورمحمد دمڑ نے کہا کہ بھارت تشدد سے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔