سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی گجوخان میڈیکل کالج کے پرنسپل ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ باچا خان میڈیکل کمپلیکس اور ڈی ایچ اوسے ملاقات

127

اسلام آباد،12فروری  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی عوام کو بلاتفریق صحت انصاف کارڈ کی فراہمی عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے سلسلے کی کڑی ہے جس سے عوام کا حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہو گا،صحت کی بہترین سہولیات کا حصول قوم کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ہی پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گجوخان میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر فصیح الزمان ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ باچا خان میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر عبداللطیف خان اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او) ڈاکٹر کلیم اللہ سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبو د کے لئے مو جودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصا صوابی کوعوام کو صحت سے متعلق بہترین سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور گجوخان میڈیکل کالج کے قیام سے اس مقصد میں خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجوخان میڈیکل کالج کی بدولت باچا خان میڈکل کمپلیکس میں تجربہ کار ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کی خدمات صوابی کی عوام کو میسر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر صحت انصاف کارڈ فراہم کئے گئے جس کی بدولت خیبرپختونخوا کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں گی۔انہوں نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس کی جانب سے کورونا وباء کے دوران سرانجام دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔  پرنسپل گجو خان میڈیکل کالج ڈاکٹر فصیح الزمان نے صوابی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئےکی اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گجوخان میڈیکل کالج کا عملہ عوام کو صحت سے متعلق بروقت اور بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے۔