اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بدھ کوبرطانیہ میں انٹر نیشنل ریلیشنز ڈویلپمنٹ فورم کے چیئرمین طہٰ قریشی نےملاقات کی جس میں عالمی امور اور مسلم اُمّہ کو درپیش مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز کے تدارک کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے منفی رجحان کو ہم نے مل کر روکنا ہے، اسپیکر نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دوسروں کو تکلیف پہنچائیں۔ دنیا میں اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے مسلم امہ کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام سے ترقی آئے گی۔ پاکستان کو گزشتہ تین دہائیوں سے معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان اور اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔طہ ٰ قریشی نے کہا کہ معاشرے میں تقسیم بڑھ رہی ہے اس حوالے سے مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔طہٰ قریشی نے اپنی فانڈویشن کے زیرانتظام قیدیوں کی تربیت، بے گھر افراد کے لیے گھروں کے بندوبست کے بارے میں بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔