سکھر،22 فروری ( اے پی پی ) : موٹر وے پولیس نے روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے روڈ سیفٹی کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کو مزید تیز کردیا، سکھر سیکٹر کے مختلف مدارس، گورنمنٹ اسکولوں اور دیگر تدریسی اداروں کے علاوہ شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی آگاہی دینا شروع کردی گئی ہے۔ مہم کے دوران روڈ سیفٹی پروگرام اور آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا ، نیشنل ہائی پر موٹر سائیکل سواروں کو حادثات سے بچاؤ کے لئے ہیلمٹ سمیت دیگر ٹریفک قوانین پر عمل کی ہدایات دی جارہی ہے۔
اس موقع پر موٹر وے پولیس موبائل ایجوکیشن کے افسران نے منعقدہ روڈ سیفٹی پروگرام کے شرکاءکو بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشتگردی سے زیادہ روڈ حادثات میں انسانی زندگیوں کے چراغ بجھ جاتے ہیں، ان حادثات میں جان کی بازی ہارنے والوں میں زیادہ تر تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے، جس کی بنیادی وجہ موٹر سائیکل سوار ٹریفک قوانین اور حفاظتی ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔
موٹروے پولیس کے موبائل ایجوکیشن افسران نے آگاہی مہم کے دوران نہ صرف طلبہ و طالبات بلکہ اساتذہ اور دیگر عام شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیشنل ہائی وے ہو یا موٹر وے پر سفر کرنے کے دوران ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور موٹر سائیکل سوار سفر کرنے کے دوران ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی قوانین پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی بھی جانوں کا ضیاع ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔