سکھر: پہلا سید شفقت علی شاہ کرکٹ ٹورنامنٹ سندھ اسٹار کرکٹ کلب نے جیت  لیا

339

سکھر،02جنوری(اے پی پی ):جناح میونسپل اسٹیڈیم میں جاری پہلاسید شفقت علی شاہ کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ، سندھ اسٹار کرکٹ کلب نے ٹورنامنٹ جیت لیا ، اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ  کیا   گیا ۔

 ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سندھ اسٹار اور جسٹس کرکٹ کلب کے مابین ہوا ، ٹورنامنٹ کا فائنل میچ سندھ اسٹار نے جیت کر پہلی پوزیشن جبکہ جسٹس کرکٹ کلب نے دوئم پوزیشن حاصل کیں ، اختتامی تقریب کے مہمان خاص پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے نائب صدر پیر سید محمد اسماعیل شاہ راشدی تھے جبکہ دیگر مہمان گرامی میں ف لیگ کے صوبائی رہنما سید شفقت علی شاہ ، فقیر عنایت برڑو ،میر اعجاز ٹالپورو دیگر معززین سمیت ف لیگ کے رہنماوں اور شائقین کرکٹ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 مہمان گرامی کی جانب سے فاتح ٹیم کو 30ہزار و رنر اپ ٹیم کو 20ہزار روپے نقد و اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ،انعامات سے قبل کمیٹی کی جانب سے شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔

اختتامی   تقریب   سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ فنگشنل صوبہ سندھ کے نائب صدر پیر سید محمد اسماعیل شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ صحت مندانہ معاشرے کے قیام کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہے، ف لیگ سندھ میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن کھیلوں کے میدانوں سے قبضے ختم کرا کے کھیلوںکا انعقاد بے حد ضروری ہے ، کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کی صلاحیت اجاگر ہوتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نا صرف سندھ بلکہ وطن عزیز کا بھی نام روشن کرسکتے ہیں۔

تقریب میں سینئر  کرکٹر ز اور آرگنائزینگ کمیٹی کی جانب سے مہمان گرامی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔