سکھر،04 فروری ( اے پی پی ): کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکھرمیں نوجوانوں کی تنظیم وائس آف سکھر یوتھ،گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول نیو پنڈ ،ڈبل سیکشن ہائی اسکول کی جانب سے 300 میٹر لمبا پاکستانی پرچم اور 100 میٹر لمبا کشمیرکے جھنڈے کو لہرانے کی تقریب ہاکی گراونڈ میں منعقد ہوئی ،تقریب کے مہمان خاص ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور تھے۔
مہمانوں میں پرنسپل ز ڈبل سیکشن اسکول عبدالرشید قریشی،بوائز اسکول نیو پنڈ خادم حسین سولنگی سمیت دیگر سرکاری افسران و سماجی شخصیات و شہریوں سمیت اسکولز کے طلباءشامل تھے۔ شرکاءتقریب کی جانب کشمیری اور پاکستان کا پرچم لہراکر وطن عزیز سمیت کشمیر سے اپنی محبت کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کا کہناتھا کہ کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، اس کے بغیر پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ جلد کشمیر پر سے بھارتی تسلط ختم ہوگا اور وہ آزادی میں سکھ کا سانس لے سکیں گے اور کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا ۔
تقریب میں میزبانوں کی جانب سے مہمانوں کو شیلڈ بھی تقسیم کی گئی۔