سیالکوٹ،11فروری (اے پی پی): ایس ایچ او تھانہ صدر ملک ندیم منور کی پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی ،کارروائی کے دوران 2 مبینہ ملزمان گرفتار اور ہزاروں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کر لی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی کے احکامات کے پیش نظر سیالکوٹ میں پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف خصوصی آپریشن جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر ملک ندیم منور نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ پیشہ وارانہ مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورانِ گشت اور مخبر کی اطلاح کے مطابق پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کے ممنوعہ کھیل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہزاروں پتنگیں برآمد کرلیں۔
تھانہ صدر کے علاقہ اکبر آباد کے رہائشی محمد عدنان ولد انور سے 3000ہزار اور اختر ولد عالم کے قبضہ سے 5 سو پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کیں ۔ملزمان پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ صدر ملک ندیم منور نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عدنان اور اختر مبینہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اسد علوی نے کہا کہ پتنگ فروش اور پتنگیں اڑانے والے معاشرے کے قاتل ہیں جو کس بھی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔