صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  سے کبڈی ورلڈ کپ  2020ء کی فاتح  قومی ٹیم کی ملاقات

137

اسلام آباد۔18فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے  کہ کبڈی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کیلئے جدید ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبڈی ورلڈ کپ  2020ء کی فاتح  قومی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔صدر مملکت نے  قومی ٹیم کو کبڈی ورلڈ کپ 2020ء جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، عالمی مقابلوں میں کامیابی کیلئے کھلاڑیوں کوبہتر کوچنگ اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنانے کیلئے جدید ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے پر قومی کبڈی ٹیم کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط  ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان  کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط  ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے تمام اقدامات کررہی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق قومی کبڈی ٹیم کے کپتان محمد عرفان کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔