صوبائی وزیر اسلم اقبال کی  ایل ڈبلیوایم سی کو شہر کی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت

76

لاہور،04فروری(اے پی پی):لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام جاری صفائی مہم اور ایل ڈبلیوایم سی کے امور کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیراسلم اقبال آپریشنل سٹاف کے مستند ڈیٹا کی عدم فراہمی اور شہر کی بعض سڑکوں پر تاحال کچرے کے ڈھیروں کی موجودگی پر برہم ہوئے اور شہر کے بعض علاقوں سے کچرا نہ اٹھانے پر ایل ڈبلیوایم سی کے افسران کی سرزنش کی۔

صوبائی وزیر نے شہر میں صفائی کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے ایل ڈبلیوایم سی کے حکام کو آخری وارننگ  دی اور کہا کہ آپریشنل سٹاف کا مستند ڈیٹا آج شام تک فراہم کیا جائے۔

آپریشنل سٹاف کی ڈیوٹی پر آنے اور جانے کی مکمل حاضری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صفائی کی صورتحال اور عملے کی حاضری چیک کرنے کے لئے شہر کے اچانک دورے کروں گا۔کسی علاقے یاسڑک پر کچرے کا ڈھیر نظر آیا تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ  بہانے نہیں سنوں گا، مجھے نتائج چاہیئں۔ایل ڈبلیوایم سی میں کام سے جی چرانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے معاملات درست کرنے کی جو ذمہ داری دی ہے اسے پورا کروں گا،ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ کچرا اٹھانے کے حوالے سے معاہدے کئے جائیں گے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا  کہ سوسائٹیز کے باہر شہر کے علاقوں میں کوڑا پھینکنے والی سوسائٹیز کے خلاف پرچے درج کرائے جائیں ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو آپریشنل سٹاف اور گاڑیوں کی شہر کی تمام یونین کونسلوں میں ریشنلائزیشن بارے بریفنگ دی گئی کہ57مکینکل سوییپرز میں سے صرف 11اپریشنل ہیں۔ صوبائی وزیر نے 10 فروری تک 28مکینکل سوییپرز آپریشنل بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں تمام مکینکل سوییپرز آپریشنل ہوجانے چاہئیں۔

ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی، جی ایم آپریشنز، جی ایم پلاننگ، جی ایم ایچ آراور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔