لاہور17 فروری(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے تینوں نئے ریجنل بلڈ بنکس کو فوراً فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیر صحت نے یہ ہدایت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانفیوژن سروس پنجاب کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانفیوژن سروس پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیااور کہا کہ پنجاب کے تمام بلڈ بنکس کی کارکردگی کا جائزہ لیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ہیماٹولوجسٹس کے ٹریننگ کورسزکا آغازکیاجائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سیکرٹری بلڈٹرانفیوژن اتھارٹی پنجاب ڈاکٹرشہناز نعیم تمام ریجنل بلڈ سنٹرزکادورہ کرکے کارکردگی بارے رپورٹ پیش کریں۔ لاہورکے جنرل ہسپتال اور مئیوہسپتال میں بلڈ بنکس کی اپ گریڈیشن جبکہ فیصل آبادمیں نئے ریجنل بلڈ بنک قائم کردیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ریجنل بلڈ بنکس کیلئے فنڈزمہیاجبکہ خالی اسامیوں پر بھرتی کی جائے۔تمام ہیماٹولوجسٹس کی فہرستیں بناکر جلد تربیتی سیشنز کا آغازکردیاجائے گا۔
وزیر صحت نے کہا کہ خون کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے ایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمدکروایاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ریجنل بلڈ بنک کوفعال کرنے میں وائس چانسلرفیصل آبادمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرظفرچوہدری کی سفارشات کو بھی زیرغورلایاجائے۔پنجاب کے تمام بلڈ بنکس کی رجسٹریشن کو بھی یقینی بنایاجارہاہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ
پنجاب کے غیر رجسٹرڈبلڈ بنکس کے خلاف سخت ایکشن لیاجارہاہے۔صوبہ میں کسی بھی غیر رجسٹرڈ بلڈ بنک کو چلنے نہیں دینگے۔
اے پی پی /لاہور/قرۃالعین